رائے پور ،11اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے بستر ضلع میں پولیس نے تصادم میں ایک نکسلی کو مار گرایا ہے۔بستر ضلع کے پولیس حکام نے آج بتایا کہ ضلع کے مارڈوم تھانہ علاقے کے تحت ٹنڈیر گاؤں کے جنگل میں پولیس نے کارروائی کرکے ایک نکسلی کو مار گرایا ہے۔حکام نے بتایا کہ پولس کو مارڈوم تھانہ علاقے میں نکسلی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی۔اطلاع کے بعد پولیس ٹیم کو گشت پر روانہ کیا گیا تھا۔ٹیم جب ٹنڈیر گاؤں کے جنگل میں تھی تب نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔اس کے بعد پولیس ٹیم نے جوابی کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر تک دونوں جانب سے فائرنگ کے بعد نکسلی وہاں سے بھاگ گئے،بعد میں جب جائے حادثہ کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے ایک نکسلی کی لاش، دو 315بور رائفل، ایک پائپ بم اور دیگر نکسلی سامان برآمد کیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے جائے حادثہ پر خون اور گھسیٹے جانے کے نشانات بھی دیکھے ہیں۔پولیس نے اس واقعہ میں بہت سے دوسرے نکسلیوں کے بھی مارے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔